ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش میں بچیاں ، لڑکیاں اور خواتین غیر محفوظ : جیوتیرادتیہ سندھیا

مدھیہ پردیش میں بچیاں ، لڑکیاں اور خواتین غیر محفوظ : جیوتیرادتیہ سندھیا

Mon, 02 Jul 2018 00:23:14    S.O. News Service

اندوریکم جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کانگریس پرچار کمیٹی کے صدر اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ جیوتیرادتیہ سندھیا نے ریاستی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بچیاں، لڑکیاں اور خواتین غیر محفوظ ہیں اور حکومت ان کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ مندسور میں اجتماعی آبروریزی کے بعد قتل کی کوشش کا شکار ہونے والی سات سالہ معصوم بچی اندور کے مہاراجہ یشونت راؤ اسپتال (ا یم وائی ایچ ) میں داخل ہے۔ مسٹر سندھیا گزشتہ رات بچی کی صحت کی معلومات لینے اسپتال پہنچے تھے۔

اس دوران انہوں نے ریاستی حکومت پر بے حسی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان ایک طرف اس طرح کے معاملات میں سخت قانون کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف ان کی حکومت کے تابع نظام خواتین کے تحفظ میں ناکام ہے۔ مسٹر سندھیا نے مزید کہا کہ وہ ریاست کا شہری ہونے کے ناطے یہ الزام لگا رہے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ متاثرہ خاندان کی ذہنی کیفیت اور بچی کی حالت پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ مسٹر سندھیا نے سرکاری ایم وائی ایچ اسپتال میں بچی کے چل رہے علاج کے سوال پر کہا کہ انہیں ایم وائی ایچ انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ وہ بہترین طریقے سے بچی کے علاج میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہم سب لوگوں سے زیادہ سمجھدار بچی کے علاج میں لگے ڈاکٹر ہیں۔ مسٹر سندھیا نے بچی کے جاری علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ منگل کو مندسور میں سات سالہ معصوم بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد اس کو قتل کرنیکی کوشش کی گئی تھی۔ جمعہ کو بچی کو شدید تشویشناک حالت میں اندور کے ایم وائی ایچ اسپتال میں علاج کے لئے بھرتی کیا گیاتھا۔


Share: